Education In Pakistan

Papers, Notes, Books & Help For Students

UPDATED EDUCATIONAL NEWS INTERVIEW HELP FOR ALL JOBS ONLINE BOOKS SCHOLARSHIPS AVAILABLE INTERNSHIP JOBS

Tag: نرمی

وزیراعظم نوازشریف کی ہدایت پریوتھ بزنس لون اسکیم کی شرائط میں نرمی کردی گئی ہے۔

وزیراعظم نوازشریف کی ہدایت پریوتھ بزنس لون اسکیم کی شرائط میں نرمی کردی گئی ہے۔

اب قرضہ حاصل کرنے کی ایک درخواست پرایک سے زیادہ لوگ ضمانت دے سکیں گے۔ وزیراعظم نے ہفتے کونیشنل بینک آف پاکستان کے ہیڈکوارٹرز کادورہ کیاجہاں نیشنل بینک کے بورڈآف ڈائریکٹرزکے چیئرمین منیرکمال اورقائم مقام صدرآصف حسن نے وزیر اعظم کومذکورہ اسکیم کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پرگورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد، وفاقی وزراچوہدری نثار، پرویز رشیداور خواجہ آصف ودیگر حکام موجودتھے۔ وزیراعظم نے مذکورہ اسکیم کے حوالے سے ہدایت کی کہ قرض لینے کے طریقہ کارکو سہل بنایاجائے۔ انھوں نے درخواست دہندہ کے ضمانتیوں(گارنٹرز) کے معیارمیں تبدیلی کرنے کی بھی منظوری دی۔ اب کوئی بھی شخص جس کے پاس قرضے کی رقم سے ڈیڑھ گنارقم یاجائیداد موجودہے، ضمانتی بن سکتاہے یاگریڈ 15اور اس سے اوپرکا سرکاری افسربھی جس کی ملازمت میں کم از کم 8سال باقی ہوں، ضامن بن سکتاہے۔

وزیراعظم نے اس بات کی بھی منظوری دی کہ قرض کی ایک درخواست پرایک سے زیادہ ضمانتی ہوسکتے ہیں جن کے پاس قرض کی رقم سے ڈیڑھ گنازیادہ رقم یاجائیداد موجودہو۔ درخواست دہندہ کے لیے صرف نیشنل بینک میں اکاؤنٹ ہونے کی شرط بھی ختم کردی گئی ہے۔ وزیر اعظم نے مذکورہ اسکیم کے لیے نیشنل بینک کے حکام کی کوششوں کو سراہااور کہاکہ قرضوں کے اجراکا مقصدچھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبارکو فروغ دیناہے۔ یہ قرضے پڑھے لکھے نوجوانوں کے لیے ہیں جو اپنا کاروبارشروع کرنے کے خواہش مندہیں۔ اس اسکیم سے ملک کاجی ڈی پی 3.5 فیصد سے بڑھ کر 5.5 فیصد ہو سکتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کوئی شکایت موصول ہوتو بینک کواس کانوٹس لیناچاہیے۔ انھوں نے بینک چیئرمین اور قائم مقام صدر کو ہدایت کی کہ وہ ذاتی طورپر اسکیم کی نگرانی کریں۔ ان پرکام کابوجھ بڑھ سکتا ہے لیکن کوئی کمی یاکوتاہی نہیں رہنی چاہیے۔

وزیراعظم نے کہاکہ جو نوجوان قرض کا مستحق ہے، اس کی درخواست کورد نہیں کیا جائے، جومستحق نہیں ہے، اس کی درخواست منظورنہیں کی جائے۔ قرضوں کا اجراشفاف اورمنصفانہ ہوناچاہیے۔ کسی کی سفارش اوردباؤ قبول نہ کیاجائے۔ وزیراعظم کوبتایا گیاکہ اب تک 27 لاکھ درخواست فارمزجاری کیے گئے،4ہزار درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔ توقع ہے کہ 10جنوری تک 15ہزار درخواستیں موصول ہوجائیں گی۔ درخواست دہندگان میں 89فیصد نوجوان مرداور 11فیصد خواتین ہیں۔ 60فیصد درخواستیں زرعی شعبے سے متعلق ہیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ درخواست فارمزکی وصولیابی کاعمل تیزکیا جائے۔

Education In Pakistan © 2016